پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) اور
غاز ی میڈیکل کالج ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام
شاعری کے رنگ، آپ کے سنگ
13اپریل 2018ء8بجے شب
صدارت:امجداسلام امجد
مہمان خصوصی:زاہدفخری
اشتراک: ادبی تنظیم آنچل
منتظر:ڈاکٹرعبدالرحمن قیصرانی، صدر پی ایم اے ڈیرہ غازیخان
ڈاکٹر سعیداحمد، پرنسپل غازی میڈیکل کالج
ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ، صدرادبی تنظیم آنچل
پی ایم اے اورآنچل کے زیراہتمام غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازیخان میں یادگارمحفل مشاعرہ
۱۔رپورٹ سلمیٰ شاہین جنرل سیکرٹری آنچل
ادبی تنظیم آنچل (رجسٹرڈ)، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ڈیرہ غازیخان اور غازی خان میڈیکل کالج کے زیراہتمام ڈیرہ غازیخان کی تاریخ میں مدتوں بعدایک شاندار مشاعرے کااہتمام کیاگیا۔ادبی تنظیم آنچل کوڈیرہ غازیخان کی خواتین کی پہلی ادبی تنظیم ہونے کااعزاز حاصل ہے۔آنچل کاقیام اکتوبر2012ء میں عمل میں آیا۔اس کی بانی اورصدر ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ نے اس پلیٹ فارم سے متعددادبی تقریبات کااہتمام کیا۔آنچل کے ذریعے متعددخواتین شاعرات اورادیب متعارف ہوئیں اورڈیرہ غازیخان کے حبس زدہ اورگھٹے ہوئے ماحول میں خواتین کوشعروسخن کے ایک خوشگوار ماحول میں بیٹھ کر اپنی پہچان کرانے کاموقع ملا۔تنقید وتحسین کے عمل سے گزرنے کے بعد انہیں اپنے شعری ارتقاء کے مواقع بھی ملے۔غازیخان میڈیکل کالج اورپی ایم اے نے جب میڈیکل کانفرنس کے موقع پرایک مشاعرے کے انعقاد کافیصلہ کیا توانہوں نے خواتین کی ادبی تنظیم آنچل کوبھی میزبانوں میں شامل کیاتاکہ بڑے پیمانے پرایک تاریخ ساز مشاعرہ منعقد کیاجاسکے۔اس کیلئے تنظیم آنچل کی روح رواں ڈاکٹرنجمہ شاہین نے امجد اسلام امجدسمیت ملک بھر سے نامور شعراء کومدعو کیا۔میڈیکل کالج کے اوپن ایئر میں ہونے والی اس شعرو سخن کی محفل کی صدارت نامور شاعر امجداسلام امجدنے کی جبکہ مہمان خصوصی زاہد فخری اوررضی الدین رضی تھے۔مہمان اعزاز کے طورپرشاکرحسین شاکر اورشوکت فہمی کو مدعو کیاگیاتھا۔تقریب میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیاان میں مہمانوں کے علاوہ کوٹ ادو سے پروفیسرعمران میر اورمقامی شعراء میں مصطفی خادم،نیئر رانی شفق،بشریٰ قریشی،ایمان قیصرانی،ڈاکٹرشاہینہ نجیب کھوسہ،شیراز غفور،محبوب جھنگوی،سعیدہ افضل،عزیزشاہد،پروفیسر شریف اشرف اورسلیم فراز شامل ہیں۔نظامت کے فرائض ڈاکٹرنجمہ شاہین اورڈاکٹرعبدالرحمن عامر قیصرانی نے انجام دیئے۔یہ تقریب رات گئے تک جاری رہی۔مشاعرے میں پڑھے گئے کلام سے چند منتخب اشعار
امجداسلام امجد۔۔۔۔
وہ جوگیت تم نے سنانہیں مری عمر بھرکاریاض تھا
مرے درد کی تھی وہ داستاں جسے تم ہنسی میں اڑاگئے
زاہدفخری۔۔۔۔
اٹھانا خودہی پڑتاہے تھکاہارابدن اپنا
کہ جب تک سانس چلتی ہے کوئی کندھانہیں دیتا
رضی الدین رضی۔۔
ہمارے ساتھ کیاکیاجھیلتا وہ
بچھڑکر کتنا اچھا رہ گیاہے
شوکت فہمی۔۔
وہ ضرورت تھی یامحبت تھی
بیل لپٹی رہی درخت کے ساتھ
ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔
زخموں سے کہاں،لفظوں سے ماری گئی ہوں میں
جیون کے چاک سے یوں اتاری گئی ہوں میں
شاکرحسین شاکر۔۔
وہ چاندنی میں نکلتا ہے میرے گھر کی طرف
سوچاند ڈھلنے تلک جاگنا ضروری ہے
محبوب جھنگوی۔۔
شان قدرت کمال تیراخیال
رحمت ذوالجلال تیراخیال
ڈاکٹرشاہینہ نجیب کھوسہ۔۔
ستم تمھارے کوئی اورسہہ سکے گاکیا
توکیساشخص ہے آنے کاسوچتابھی نہیں
پروفیسر عمران میر۔۔
یہی بہت ہے کہ رائیگانی میں آگیا ہوں
میں دشت حیرت کی سائبانی میں آگیا ہوں
سلیم فراز۔۔
بات تو کرتا ہوں میں بھی شعر میں تاثیر کی
پیروی ممکن نہیں لیکن غزل میں میر کی
پروفیسر شریف اشرف۔۔
موسم نکھرانکھرا سا ہے دل بھی کھل کر برسا ہوگا
میں بھی تنہا تنہاسا ہوں وہ بھی تنہا تنہا ہوگا
سعیدہ افضل۔۔
کچا میرا مکان تھا بارش نے آلیا
سیلاب امتحان تھا بارش نے آلیا
ڈاکٹر سیدمحمد علی۔۔
تمہارا شکریہ مہماں میرے ارماں سجانے کو
سفر پتھر پہ طے کرکے چلے آئے ہمارے گھر
عزیز شاہد۔۔
نہ رنگ روپ نہ رخسار لب تماشا ہے
اساں فقیری دی اپنی طلب تماشا ہے
تقریب کے آخرمیں پرنسپل ڈیرہ غازیخان اورصدر پی ایم اے نے آنچل کی صدر ڈاکٹرنجمہ شاہین کااس خوبصورت تقریب کے انعقاد پرشکریہ اداکیا۔خطبہ صدارت میں جناب امجداسلام امجد نے بھی کیف انصاری اورمحسن نقوی کے شہرمیں ادبی روایات کے ارتقاء کو سراہااورڈاکٹرنجمہ سمیت تقریب کے تمام منتظمین کومبارکباد پیش کی۔