مرے پاؤں کتنے لہو لہو
ترے عشق والی دھمال میں
مرے ہاتھ پر یہ حنا جو ہے
یہ سجی ہے تیرے ہی خیال میں
مرے پاس کاسہ بھی ہے مگر
مرے لب پہ کوئی صدا نہیں
میں دعا بدست سہی مگر
مرے لب پہ کوئی دعا نہیں
وہ جو آرزو تھی وصال کی
وہ جو ساعتیں تھیں نصیب سی
وہ جو گرد گر تھے راستے
وہ جو منزلیں تھیں قریب سی
کسی ایک گٹھڑی میں باندھ کر
کہیں راستے میں ہی چھوڑ دیں
وہ جو ابتلائیں تھیں زیست کی
میں نے اپنی جانب وہ موڑ دیں
مرے مہرباں ، مرے معتبر
مری منزلیں نہ تلاش کر
مجھے سب نے تنہا کیا مگر
مجھے تُو تو اب نہ نراش کر