تجدید عشق ؟ اور مرا اظہار ، معذرت


آنکھوں میں پھر سے خواب ہوں،دلدار معذرت
سرکار معذرت ، مرے سرکار ، معذرت

برسوں سے جن کی یاد میں برسی ہے میری آنکھ
سوچوں میں ہوں وہی درو دیوار ، معذرت

جذبات آ گئے ہیں غموں کی صلیب پر 
تجدید عشق ؟ اور مرا اظہار ، معذرت

مدت سے میرا دستِ دعا تو بلند ہے
سب خواہشیں ہو ں کیسے ثمر بار، معذرت 

جینے کو تیرے ہجر کا سامان ہے بہت
کیوں کر بسائیں پھر نیا سنسار، معذرت

بستی بہت ہی دور ہے میری اناؤں کی
ڈ ھونڈوں میں تیرے شہر کے پندار، معذرت

دوچار گام ساتھ نہ چل پاؤ گے مرے 
شاہیں یہ راستہ تو ہے دشوار، معذرت

ڈاکٹر نجمہ شاہین کھوسہ


Facebook Comments