وہ ہلالِ عید کو دیکھ کر بھی اداس ہے


وہ ہلالِ عید کو دیکھ کر بھی اداس ہے
اسے یاد ہے کسی عید پر
کہیں چاہتوں کی نوید پر
کوئی کہہ گیا تھا اُسے کبھی
کہ میں چاند ہوں تری عید کا
مرے بن منانا نہ عید تُو
کہ میں آؤں گاترے پاس جب
کسی ایک وصل کے سال میں
کسی خواب میں کہ خیال میں
کبھی جس گھڑی مری دید ہو
وہی ایک پل تری عید ہو
وہی ایک لمحہ نوید ہو
اُسے یاد ہے وہ جو ایک لمحہ تھا عید کا
وہی ایک لمحہ نوید کا، کسی دید کا
وہی لمحہ اس کا حصار ہے
وہی لمحہ اب تک ادھار ہے
وہ ہلالِ عید کو دیکھ کر جو اداس ہے
اسے بس ملن کی ہی آس ہے
اُسے اب کسی سے گلہ نہیں
وہ جو ایک لمحہ ادھار تھا وہ ملا نہیں
مگر اس کو اب بھی یقین ہے
کہ جو چاند ہے کسی بام پر
وہ ملے گا اک دن اسے کہیں
کسی موڑپر ، کسی گام پر
وہ جو کہہ گیا تھا اسے کبھی
کہ میں چاند ہوں تری عید کا

udaaas eid


Facebook Comments