کہاں سے ٹوٹی ہوئی ہوں مَیں اور ابھی تلک ہوں کہاں سلامت
فریبِ ہستی میں رہنے والے رہے ترا یہ جہاں سلامت
نہ کوئی بستی یہاں سلامت ،نہ اس میں کوئی مکاں سلامت
یہی بہت ہے ہر ایک چہرے پہ بس ہے اشکِ رواں سلامت
پگھل چکا ہے وجود سارا ، سلگ رہی ہے ہماری ہستی
چراغِ جاں کب کا بجھ چکا ہے، مگر ابھی تک دھواں سلامت
بس ایک لمحہ تھا روشنی کا ، گرفت سے جو نکل گیا ہے
کوئی نشانی کہاں بچی ہے ؟ مگر ہے دل پر نشاں سلامت
کسی سے شکوہ بھی کیا کریں اب ، چمن پہ حق ہی نہیں تھا اپنا
بکھرنے والا یہ کہہ رہا ہے رہے ترا آشیاں سلامت
جنوں کے رستوں پہ میرے ہم دم ،شمار زخموں کا کیوں کروں اب؟
تمہارا ہرایک وار مجھ پر رہے گا اے مہرباں سلامت
یہ بے سبب سی اداسیاں ہیں ، یہ روگ سہتی سی داسیاں ہیں
نئے زمانوں میں رہنے والو، رہے تمہارا زماں سلامت
اجڑ گیا ہے بکھر گیا ہے ، یہ عشق آخر کو مٹ گیا ہے
کمین گاہوں میں رہنے والو ،رہے تمہاری کماں سلامت
وہ حسن بانہوں میں سو گیا ہے، تو عشق راہوں میں کھو گیا ہے
یقیں کی منزل تو کھو چکی ہوں، مگر ابھی ہے گماں سلامت
ابھی تو زندہ ہیں ہم جہاں میں ، ابھی کہانی نہیں بچے گی
تمام کردار جب مریں گے ،رہے گی پھر داستاں سلامت